حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ریونیو مسائل کے حل کیلئے ڈسٹرکٹ کمپلیکس حافظ آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر تو قیر الیاس چیمہ اور اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے کھلی کچہر ی میں آنے والے سائلین کے مسائل سنے اور متعدد درخواستوں پر فوری احکامات جاری کیے ۔ اراضی ریکارڈ سنٹر،تحصیلدار ، ڈومیسائل پرانچ اور دیگر ریونیو افسر بھی کھلی کچہری میں موجو د تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام کو اراضی و جائیداد کی خرید و فروخت ، فردات کے اجراء و انتقالات کے حوالہ سے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرایک ہی چھت تلے حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق ہر ماہ کے پہلے دو دن ضلع اور تحصیل کے سطح پر ریونیو کھلی کچہریاں لگائی جاتی ہیں جن میں تمام ریونیو افسر شریک ہوتے ہیں اور وہاں آنے والے سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کر کے انہیں حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔