لاہور، زرداری پر قتل الزام کے خلاف پیپلز پارٹی کا احتجاج، عمران کا پتلا نذر آتش 


لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز زرداری پر قتل کرانے کے الزام کے خلاف احتجاج کیا۔ لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے100افراد کی قتل کا مقدمہ عمران پر درج ہونا چاہیے۔ مال روڈ، فیصل چوک میں سابق صدر آصف علی زرداری سے اظہار یکجہتی اور عمران خان کی طرف سے آصف زرداری پر قتل کا الزام لگانے کے خلاف پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہرے  میں جیالوں نے عمران خان کا پتلا نذر آتش کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین ’’ دہشت گردوں کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے‘‘۔’’ طالبان کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے‘‘۔ ’’عمران اپنی زبان کو ،لگام دو لگام دو‘‘۔’’گو نیازی گو،گو نیازی گو’’۔’’قدم بڑھاؤ آصف زرداری، ہم تمھارے ساتھ ہیں‘‘۔’’اک زرداری سب پہ بھاری‘‘ کے نعرے لگائے  تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چودھری اسلم گل نے کہا کہ پشاور کی مسجد پر حملہ کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے۔ طالبان بدبخت اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ عمران طالبان کا دوست ہے جس نے اپنے چار سالہ دور میں طالبان کو پالا۔ اسلم گل نے کہا کہ پاکستان میں صرف ایک جمہوری لیڈر آصف علی زرداری ہے۔ جو پاکستان کی وحدت، وفاق اور یکجہتی کو بچا رہے ہیں۔ علامہ یوسف اعوان نے سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے دعا کرائی۔

ای پیپر دی نیشن