وزیر خزانہ سے اماراتی سفیر کی ملاقات‘ اقتصادی تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال

Feb 02, 2023


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے آج فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دیرینہ تعلقات کا اشتراک کیا اور دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور معاونت کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے 8ویں پاک ازبک مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کی تیاری کے اجلاس کی صدارت کی۔ ازبکستان میں شیڈول پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ وزارتی کمشن کی تیاری پر غور کیا گیا۔ اسحاق ڈار پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، کامرس، ریلوے، سرمایہ کاری، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی وغیرہ سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔

مزیدخبریں