اظہر
لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اپنی جماعت میں چاپلوسی اور غلامی کا راستہ نہیں اپنایا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہاکہ اگر شاہد خاقان عباسی اپنے اصولی موقف پر ثابت قدم رہتے ہیں تو بلاشبہ ان کی عزت، وقار اور سیاسی قد میں بہت اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی نے بااصول اور جمہوری طرزعمل کے لیے آواز اٹھائی، یہ انتہائی قابل قدر ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ (ن) لیگ کے ساتھ آخری دم تک رہیں گے لیکن اگر پارٹی نے ان کے ساتھ راہیں جدا کرلیں تو وہ گھر جانا پسند کریں گے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دوسرے چوہدری نثار بننے جا رہے ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں حد سے زیادہ پر عزم سیاسی کارکن نہیں ہوں۔