لاہور( نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کرنےوالوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آج آئی ایم ایف کی ایما پر قوم پر پٹرول اور گیس بم پھینکے جارہے ہیں۔ ملک میں آئے روز مہنگائی کی شرح میں اضافے سے عوام کا صبر جواب دے گیا ہے۔نگران حکومت اپنے آخری ایام میں ریلیف دینے کی بجائے عوام پر مہنگائی بم پھینک کر جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 130 میں جاری انتخابی سرگرمیوں اور کارنر میٹنگ میں معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لاہور ڈویژن کے صدر چوہدری محمد سرور، پی پی 173حافظ راشد محمود بھی ہمراہ تھے۔ خالد مسعود سندھو نے کہا نگران حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ فوری واپس لے اور عوام کو سبسڈی فراہم کرے۔ ملک کو اپنی منشا کے تابع چلانےوالوں کے پاس مزید تجربوں کی کوئی گنجائش باقی نہیں۔حکمران بیرونی قرضوں کا بوجھ بذریعہ ٹیکس اور مہنگائی عوام پر ڈال کر اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ ملکی معیشت کو نہ سنبھالا گیا تو حالات سنگین ہو جائیں گے، قوم کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، کاروبار و روزگار تباہ اور تجارتی سرگرمیاں ختم ہوچکی ہیں۔
نگران حکومت آخری ایام میں ریلیف کی بجائے عوام پر مہنگائی بم پھینک دیا: خالد مسعود سندھو
Feb 02, 2024