اسلام آباد (این این آئی)ایران میں چار روز قبل قتل ہونے والے نو پاکستانی مزدوروں کی میتیں ایرانی حکام نے پاکستان کے حوالے کر دیں۔ میتیں تفتان سے خصوصی طیارے کے ذریعے پنجاب پہنچا دی گئیں۔چاغی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق چاغی کے علاقے تفتان میں پاک ایران سرحد کے راہداری گیٹ پر ایرانی بارڈر سکیورٹی گارڈز سے اسسٹنٹ کمشنر تفتان وقار کاکڑ نے پاکستانی باشندوں کی میتیں وصول کیں۔ اس موقع پر زاہدان میں متعین پاکستانی قونصل جنرل صدیق بلوچ بھی موجود تھے۔ چاغی کے ڈپٹی کمشنر طفیل بلوچ نے بتایا کہ میتیں سیندک کے جوزک ایئر پورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے پنجاب روانہ کر دی گئیں۔پاکستانی باشندوں میں 30 سالہ ملک اظہر ولد نذیر حسین، 20 سالہ محمد شعیب ولد نذیر احمد، 52 سالہ نذیر احمد ولد غلام محمد جان اور 42 سالہ محمد اکمل کا تعلق پنجاب کے شہر مظفر گڑھ سے تھا۔26سالہ محمد ابو بکر ولد غلام یاسین کا لودھراں، 16 سالہ شہریار ولد غلام حسین کا ملتان، 39 سالہ شبیر احمد ولد محمد نواز کا لیہ جبکہ 24 سالہ محمد ندیم ولد عبدالمالک کا تعلق بہاولپور سے تھا۔یاد رہے کہ ان پاکستانی باشندوں کو 26 اور27 جنوری کی درمیانی شب پاکستان کے ضلع پنجگور سے ملحقہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
ایران میں قتل ہونے والے 9 پاکستانیوں کی نعشیں پاکستانی حکام کے حوالے کر دی گئیں
Feb 02, 2024