سانگھڑ (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی (پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لوگ کرسی کیلیے اور پیپلز پارٹی عوام کیلئے لڑ رہی ہے۔ سانگھڑ کے علاقے کھپرو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح صحت ہے، صحت آپ کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفت علاج ہر کسی کا حق ہے، دل کی بیماری کیلیے سانگھڑ میں این آئی سی وی ڈی بنانا چاہتے ہیں۔ سانگھڑ میں بہترین روڈ بنائے ہیں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں، جب سیلاب آیا تو بلاول بھٹو آپ کے ساتھ کھڑے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سانگھڑ ملک کو گیس دیتا ہے، لیکن خود گیس سے محروم ہے، گیس آپ کا حق ہے، وفاق نے آپ کو حق نہیں دیا، بلاول بھٹو کو ووٹ دیں تاکہ وہ آپ کیلئے کام کرے۔ آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو حکومت ملی تو 30 لاکھ گھر بنائیں گے، وفاقی حکومت میں آکر ہم کسان کارڈ، یوتھ کارڈ لائیں گے۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر بلاول بھٹو زرداری کو کامیاب کروائیں۔