لاہور (این این آئی) پنجاب میں نمونیا کی وبا سنگین ہوتی جارہی ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 9 بچے جان کی بازی ہار گئے۔ جبکہ صوبے بھر میں مزید 285کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 9 بچے دم توڑگئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں نمونیا سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک بچہ انتقال کرگیا جبکہ 140 کیسز رپورٹ ہوئے۔ لاہور میں نمونیا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2870 جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر 12460 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب بھر میں نمونیا سے جاں بحق بچوں کی تعداد291 تک پہنچ گئی جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیا، چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں۔ دریں اثناء ملک کے بالائی علاقوں میں موسمی تبدیلی اور دھند کی وجہ سے مختلف ائیرپورٹس پر 11پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ مسقط سے لاہور کی نجی ائیر لائن کی پرواز سیالکوٹ منتقل کردی گئی۔ ریاض سے لاہور کی پرواز کی منزل تبدیل کی گئی جس کے بعد پرواز اب اسلام آباد اترے گی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے گلگت کی 4 پروازیں، اسلام آباد سے سکردو کی پی آئی اے کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ کراچی سے کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور سے کوئٹہ کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ پشاور دوحہ کیلئے غیر ملکی ائیر لائن کی 2پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان کی 25پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
پنجاب میں نمونیا کنٹرول نہ ہو سکا، مزید 9 بچے جاں بحق، تعداد 291 ہو گئی
Feb 02, 2024