پرویز خٹک کا مقابلہ بھائی، بھتیجے سے ہوگا   ترکئی خاندان کے کئی  افراد  آمنے سامنے

Feb 02, 2024

نوشہرہ (نیٹ نیوز) عام انتخابات اب سے چند دن کی دوری پر ہیں، صوبائی خیبر پی کے میں سیاسی گہماگہمی اپنے عروج پر ہے کیونکہ اس بار سیاستدان قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی دوڑ میں صرف اپنے حریفوں کے ہی نہیں بلکہ اپنے پیاروں کے مدمقابل بھی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرینز (پی ٹی آئی-پی) کے چیئرمین پرویز خٹک کا مقابلہ نوشہرہ سے اپنے ہی بھائی لیاقت خٹک اور بھتیجے احد خٹک سے ہوگا۔ سابق صوبائی وزیر اعلیٰ قومی اسمبلی کی نشست کے لیے نوشہرہ کے حلقے 33 اور صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے حلقہ پی کے 88 اور 87 سے انتخابات لڑ رہے ہیں۔پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے حلقہ پی کے 87 سے فضل الرحمٰن کی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی- ف) کے ٹکٹ پر اپنے بھائی کے مد مقابل ہیں۔  لیاقت خٹک کے بیٹے احد خٹک اپنے تایا یعنی پرویز خٹک کے مقابلے میں حلقہ پی کے88 سے انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں۔ خٹک خاندان کے علاوہ ترکئی خاندان کے افراد بھی 8 فروری کو ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ قومی اسمبلی کی نشست کے لیے صوابی کے حلقہ این اے 20 سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے عثمان خان ترکئی اس بار پی پی پی کے ٹکٹ پر اپنے بھتیجے شہرام ترکئی جو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ہیں، کے مدمقابل ہیں۔

مزیدخبریں