پرویزالٰہی کے ریمانڈ میں 14 روز توسیع، نیب کورٹ میں 14 فروری کو طلبی

Feb 02, 2024

لاہور (خبرنگار) ضلع کچہری جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کیس میں پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ دن کی توسیع کردی۔ عدالت نے پرویز الٰہی کا چالان پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔  احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے پرویز الٰہی سمیت تمام ملزمان کو 14 فروری کو طلب کرلیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے ضلع کچہری میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا لاڈلے شریفوں کے اقتدار کا سورج ڈوبنے والا ہے، سب کو نظر آ رہا ہے، مگر ان کو نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا ایک طرف لاڈلوں کو الیکشن مہم چلانے کی کھلی چھوٹ ہے اور دوسری طرف پی ٹی آئی کو تو کارنر میٹنگ تک نہیں کرنے دی جا رہی۔ پرویز الٰہی  نے کہا قانونی ماہرین کے مطابق بانی تحریک انصاف کو عجلت میں سزائیں سنائی گئی ہیں، غیر قانونی سزائیں جلد ختم ہو جائیں گی اور انشاء اللہ عمران بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گے۔

مزیدخبریں