حافظ آباد؍ ڈسکہ ؍ سرگودھا؍ خانیوال (نمائندگان + این این آئی) حافظ آباد میں ن لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے سابق ناظم اور چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب امجد پرویز چٹھہ اور رائے فدا حسین کھرل ایڈووکیٹ کے گھروں پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ڈی ایس پی صدر رانا جمیل قیصر کی قیادت میں رات کے اندھیرے میں چھاپے مارے۔ اور امجد پرویز چٹھہ کو گرفتار کرلیا۔ بعدازاں مقامی وکلاء صحافیوں اور معززین علاقہ کے احتجاج پر 9گھنٹے حبس بیجا میں رکھنے کے بعد امجد پرویز چٹھہ کو رہا کردیا گیا۔ ڈی ایس پی رانا جمیل قیصر امجد پرویز چٹھہ کو تھانہ میں لاکر محلہ بہاولپورہ میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسہ کو نہ کروانے کے سلسلہ میں پریشرائز کرتے رہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے ممبر رائے فدا حسین ایڈووکیٹ کے گھر غیر قانونی چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جمعرات کو مکمل ھڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ڈسکہ کے حلقہ این اے 73سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار علی اسجد ملہی کو گرفتارکرلیا گیا۔ خانیوال پی پی 206 سے پی ٹی آئی کے امیدوار حسنین شاہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ سرگودھا شہر سے انتخابی مہم کے دوران پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما امیدوار قومی اسمبلی کو رہا کر دیا گیا۔ سرگودھا ڈسٹرکٹ بار کے سابق صدر پی ٹی آئی رہنما شفقت عباس اعوان سرگودھا شہر کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 84 سے آزاد امیدوار ہیں۔