سٹاک مارکیٹ میں تیزی،ایک بار پھر62ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور

Feb 02, 2024

کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزکاروبار حصص میں تیزی کا رجحان رہا اور مارکیٹ ایک بار پھر62ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی۔100 انڈیکس 400 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں45ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 91کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اور47.97فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران کاروباری سرگرمیوں میں تیزی دیکھی گئی۔مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہائوسز کی توانائی ،بینکنگ ،ریفائنری او آئل اینڈ گیس سیکٹر میں خریداری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ62ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدپربحال ہو گئی۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 414.56پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 61979.18 پوائنٹس سے بڑھ کر 62393.74 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 195.24پوائنٹس کے اضافے سے 30 انڈیکس 20954.33 پوائنٹس سے بڑھ کر 21149.57 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 41892.68پوائنٹس سے بڑھ کر42102.14 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 45 ارب 29 کروڑ 31 لاکھ 45 ہزار 600 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 90 کھرب 73 ارب 75 کروڑ 99 لاکھ 23 ہزار 979 روپے سے بڑھ کر 91 کھرب 19 ارب 5 کروڑ 30 لاکھ 69 ہزار 579 روپے ہو گیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 11ارب روپے مالیت کے27کروڑ5لاکھ 37ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو9ارب روپے مالیت کے 27کروڑ64لاکھ64ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔

مزیدخبریں