اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری فنکاروں اور موسیقاروں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور جموں وکشمیر کی جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں آئی ایس سی کے زیر اہتمام آرٹ کے ذریعے کشمیری شناخت اور یکجہتی کے عنوان سے منعقدہ سیمینار اور نمائش سے خطاب کر رہی تھیں سیمینار نے نوجوان پاکستانی اور کشمیری فنکاروں کو اکٹھا کرنے، کشمیری شناخت اور جدوجہد آزادی کی فنکارانہ عکاسی اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے سیمینار و نمائش کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ نمائش پاکستان اور کشمیر کے نوجوانوں کو آرٹ کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔مشعال ملک نے ثقافتی سفارت کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ثقافتی سفارتکاری کشمیریوں کی آواز عالمی سطح پر بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے بین الاقوامی ثقافتی تقریبات میں شرکت کے لیے کشمیر اور پاکستان کے فنکاروں کے درمیان تعاون پر بھی زور دیا۔ بعد ازاں مشعال حسین ملک نے کشمیر آرٹ نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے بھارتی ظلم و جبر کا شکار کشمیریوں کی زندگیوں کی عکاسی کرنے والے فن پاروں کا مشاہدہ کیا اور کشمیر آرٹ مقابلہ میں پوزیشن لینے والے آرٹسٹوں میں انعامات تقسیم کیے۔
ثقافتی سفارتکاری کشمیریوں کی آواز بلند کرنے میں اہم کردار ادا کریگی،مشعال ملک
Feb 02, 2024