دبئی (اے این این) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف ایک درجے کی ترقی کے ساتھ بیٹسمینوں کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ یونس خان ایک درجے کی تنزلی کے ساتھ 7 ویں سے8 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بیٹسمینوں میں نمبر ایک پوزیشن پر ویسٹ انڈیز کے شیونارائین چندرپال‘ بائولرز میں سری لنکا کے متھایا مرلی دھرن مسلسل پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ ٹاپ ٹین بائولرز میں صرف شعیب اختر پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں جن کی رینکنگ ایک درجے کی ترقی سے نویں سے آٹھویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔ آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا نقصان کچھ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو اپنی مستحکم رینکنگ گنوا کر اٹھانا پڑا جن میں مائیکل ہسی پانچ درجوں کی تنزلی کے ساتھ 3 سال میں پہلی بار ٹاپ ٹین بیٹسمینوں کی فہرست سے نکل کر گیارہویں نمپر پہ آ گئے اور اسی طرح بریٹ لی 2 درجوں کی کمی سے نویں پوزیشن پر آ گئے۔ آؤٹ آف فارم میتھیوہیڈن بھی پچھلے تین سال کی اپنی سب سے بدترین رینکنگ نمبر اٹھارہ پر آ گئے۔ آسٹریلوی کھلا ڑیوں میں رینکنگز میں بہتری صرف آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور نائب کپتان مائیکل کلارک کے حصے میں آئی جن کی رینکنگ تین درجوں کی بہتری کے ساتھ چھٹی اور نویں پوزیشن پر آ گئی۔