مریدکے/ فیروزوالا (نامہ نگار) جی ٹی روڈ کالاشاہ کاکو کے قریب نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے بجلی کی 220کے وی مین سپلائی لائن اور پشاور ریلوے لائن دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے 41روسی ساختہ بم قبضہ میں لئے انہیں ناکارہ بنا دیا‘ بم ڈسپوزل کے مطابق موٹر وے انٹرچینج کالاشاہ کاکو کے قریب راہگیروں نے دو افراد کو رات کے وقت بجلی کے پول پر کوئی مشتبہ چیز باندھتے ہوئے دیکھا‘ انہیں للکارا گیا قریبی ڈیرہ ارائیاں پر اطلاع کی گئی‘ ڈیرہ پر موجود افراد کی ہوائی فائرنگ سے ملزم فرار ہو گئے۔ بعد میں پولیس کو آگاہ کیا گیا‘ مقامی پولیس حکام بم ڈسپوزل سکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچے جنہوں نے پلاسٹک کے ڈبوں میں بند 17بم بجلی کے کھمبوں سے اتارکر انہیں اپنی تحویل میں لے کر انہیں ناکارہ بنا دیا۔ نامعلوم افراد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واپڈا کالاشاہ کا گرڈ کے ایکسین نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی عملہ کے ساتھ گرڈ سٹیشن سے ملحقہ علاقوں میں بجلی کھمبوں کی چیکنگ کی جنہوں نے چک 43کے قریب 220کے وی کے بجلی کے کھمبوں سے بندھے ہوئے پلاسٹک کے ڈبوں اور لفافوں میں لپٹے ہوئے بم دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے وقوعہ پر پہنچ کر بم سکواڈ کے عملے کی مدد سے مزید 24بم قبضے میں لے کر ناکارہ بنا دئیے‘ دہشت گردوں نے ریلوے لائن اور بجلی کی ٹرانسمیشن لائن اڑانے کے لئے منصوبہ بندی کر رکھی تھی جسے پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکام بنا دیا۔ یہ تمام بم سوا کلو تک وزن کے تھے‘ پولیس نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف اے ٹی اے اور ایکسپلوسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واپڈا ذرائع کے مطابق کالا شاہ کاکو سے راوی گرڈ کی ٹرانسمیشن جس پر تخریب کاروں نے بم نصب کر رکھے تھے وہ آدھے سے زیادہ لاہور کو بجلی سپلائی کرتے ہیں۔ واپڈا ہاﺅس‘ گورنر ہاﺅس سمیت دیگر علاقے بھی اسی لائن کے ذریعے بجلی حاصل کرتے ہیں۔ اس طرح دہشت گردی کے ذریعے لاہور کو اندھیرے میں ڈبونے کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔ واپڈا انتظامیہ نے ضلع بھر کی حدود میں واقع ہائی پاور ٹرانسمیشن لائنز کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے‘ پٹرولنگ کے لئے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔