اسلام آباد (نواز رضا+وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت کی طرف سے طاہر القادری کے ملین مارچ کی حمایت پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے اسی طرح کے جذبات کا اظہار دیگر اتحادی جماعتوں سے بھی کیا گیا ہے اور صدر زرداری کی جانب سے ناراضگی کے جذبات پہنچا دیئے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے چودھری شجاعت کی طاہرالقادری سے ملاقات کا نوٹس لیا ہے جس میں انہوں نے ملین مارچ میں ق لیگ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق زرداری کے رابطے کے بعد چودھری شجاعت نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے لانگ مارچ کی حمایت واپس لے لی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ملین مارچ کی حمایت نہیں کی۔ سیاسی حلقوں میں وفاقی وزیر پانی وبجلی احمد مختار کی جانب سے چودھری برادران کے خلاف بیان موضوع گفتگو بنا ہوا ہے۔ سیاسی حلقے شجاعت، طاہرالقادری ملاقات کو اس بیان کا ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے صدر آصف زرداری نے چودھری احمد مختار کی چودھریوں کے خلاف زبان بندی کر رکھی تھی۔ ذرائع کے مطابق میاں منظور وٹو کو پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر بنانے پر گجرات کے چودھری ناراض ہیں۔ سیاسی حلقوں کے مطابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالہی کی وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں عدم شرکت بھی ق لیگ کی ناراضگی کا اظہار ہے۔
طاہرالقادری کے مارچ کی حمایت پر زرداری شجاعت سے شدید ناراض
Jan 02, 2013