اسلام آباد (اے این این) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے پاکستان کی منزل صرف اور صرف جمہوریت ہے، قوم اس کے سوا کوئی آپشن قبول نہیں کرے گی، جمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان آمریتوں نے پہنچایا، دہشت گردی سے بیرونی سرمایہ کاری متاثر ہوئی، عالمی برادری نے ہماری قربانیوں کا وہ احساس نہیں کیا جو اسے کرنا چاہئے تھا۔ یہاں پی این سی اے میں پاکستان ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کی ثقافت بہت وسیع اور قدیم ہے اور ہم اپنی ثقافت کو فروغ دے کر عالمی سطح پر ملک کا تشخص بہتر کرسکتے ہیں، دنیا اس وقت گلوبلائزیشن کے دور سے گزر رہی ہے جس میں ثقافت کا بڑا کردار ہے ، اسلام ہماری سب سے بنیادی ثقافت ہے جو امن و آشتی ، بھائی چارے، روا داری اور انسانی فلاح کا درس دیتی ہے۔ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، دہشت گرد عناصر نے دنیا میں اسلام کا تشخص مجروح کیا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان جمہوریت کی وجہ سے وجود میں آیا اور جمہوریت کے بغیر اس کی کوئی منزل نہیں، جمہوریت بھی ہماری ثقافت ہے، آمریتوں نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا لیکن پھر بھی قوم جمہوریت پر متحد ہے۔ انہوں نے کہا ہم عظیم صوفی ثقافت کے وارث ہیں اور صوفیائے کرام نے برصغیر میں اسلام پھیلایا۔ انہوں نے کہا نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں اور وہ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا کر قومی بحرانوں سے نبرد آزما ہوسکتے ہیں، ملالہ یوسف زئی پاکستان کی علامت ہے اور اس پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے ، دہشت گرد عناصر ہمارے عزائم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا پاکستان نے جتنا نقصان دہشت گردی سے اٹھایا اتنا کسی قوم نے نہیں اٹھایا، عالمی برادری نے اگرچہ ہماری کاوشوں کا اعتراف کیا ہے لیکن اس نے اتنا احساس نہیں کیا جتنا کیا جانا چاہئے تھا ، پاکستانی قوم بہادر ہے جس نے آفات میں ڈٹ کا مقابلہ کیا، دہشت گردی کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری متاثر ہوئی ہے ، ہمیں سرمایہ کاری لانے کے لئے پاکستان کا تشخص بہتر بنانا ہوگا اور اپنے مستقبل پر نظر رکھنی ہوگی ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ قومی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ، لوک ورثہ کا قیام بھی ذوالفقار بھٹو کے دور میں عمل میں آیا اور بے نظیر بھٹو نے بھی ثقافتی سرگرمیوں کو اپنے باپ کے نقش قدم پر فروغ دیا ، پاکستان کے ثقافتی ادارے اچھا کام کررہے ہیں ہم انہیں مزید مستحکم کرینگے۔ دریں اثناءوزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پاک افغان سرحد پر کسٹمز کی تمام چوکیاں ہفتے کے ساتوں روز کھلی رکھنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ کراچی میں پھنسے ہوئے 3 ہزار کنٹینرز 10 روز میں کلیئر کئے جائیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان آنے والے غیرملکی تاجروں کو نیشنل انشورنس کمپنی 3 سے 5 لاکھ ڈالر تک کا انشورنس کور فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مال ریل گاڑی چلانے کی تجویز تیار کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی مال کے درآمد کنندگان کی شکایات کے ازالہ کے لئے کونسل بنائی جائے۔