(این این آئی + این این آئی) شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اْن نے کہا ہے کہ دوبارہ جنگ چھڑی تو جزیرہ نما کوریابڑی جوہری تباہی کا شکار ہو جائے گااور ایسے تنازعے کی صورت میں امریکہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کو کِم جونگ اْن نے یہ باتیں نئے سال کے ایک خصوصی پیغام میں کہیں ،انہوں نے کہا ہمیں ایک خطرناک صورتِ حال کا سامنا ہے جس میں معمولی حادثاتی عسکری جھڑپ بھی پوری جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ کِم کا کہنا تھا کہ وہ امن کی بھیک نہیں مانگیں گے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دشمنوں کے خلاف اپنے ملک کا دفاع کریں گے۔ کوریا کے نوجوان رہنما نے اپنے ایک انکل جانگ سونگ تھائیک کو گزشتہ ماہ دی جانے والی سزائے موت کا بھی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سزا ایک ’پْر عزم کارروائی‘ تھی جس کے ذریعے گندگی کو صاف کیا گیا۔