مویشی منڈیوں کے امور شفافیت سے چلائے جائیں ‘ کرپشن برداشت نہیں کریں گے: شہباز شریف

Jan 02, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں کی فیس کے نام پر بھتے کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا۔ منڈیوں میں جانور لانے والے زمینداروں اور خریدنے والے صارفین سے فیس کے نام پر بھتے کی وصولی کا ہر صورت میں قلع قمع کیا جائے گا۔ مویشی منڈیوں کے تمام امور شفاف طریقے سے چلائے جائیں۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کا خاتمہ کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز صوبے کی مویشی منڈیوں کے امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے ا علیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لائیوسٹاک کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لائیو سٹاک کو فروغ دے کر نہ صرف قومی معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے بلکہ غربت اور بے روز گاری میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مویشی پال کاشتکاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کر کے لائیوسٹاک کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی اور مویشی پال زمینداروں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مویشی منڈیوں میں زمینداروں اور صارفین سے فیس کے نام پر بھتے کی وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ مویشی منڈیوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ مویشی پال کاشتکاروں  اور صارفین کی سہولت کے لئے بزنس پلان مرتب کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل مویشی منڈیاں بنانے کا منصوبہ تیار کیا جائے  اور ماڈل مویشی منڈیوں کے لئے ڈیزائن کی تیاری کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مویشی منڈیوں کو جدید  خطوط پر چلانے کے لئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی 10روز کے اندر حتمی سفارشات پیش کرے۔ دریں اثنا  شہباز شریف سے جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینٹر پروفیسر ساجد میر نے گزشتہ روز  ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور توانائی  کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔  مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہے۔  ا نتہا پسندی اور توانائی بحران کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ملک کو بدامنی کی آگ سے نکالنے کے لئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔  انہوں نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم  نوازشریف کی قیادت میں قومی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز  بوسنیا اینڈ ہرزگووینا کے سفیر نیڈیم میکریوک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی صنعت کے لیے کالاشاہ کاکو موٹر وے کے قریب گارمنٹس سٹی کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے جہاں پر ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبہ سے وابستہ صنعت کاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ پاکستان اور بوسنیا اینڈ ہرزگووینا کے درمیان باہمی تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر بوسنیا اینڈ ہرزگووینا کے سفیر نیڈیم میکریوک نے گفتگو کرتے ہوئے کہ شہباز شریف کے ویژن اور شبانہ روز کاوشوں کی بدولت پنجاب ترقی کے لحاظ سے ایک مثالی صوبہ نظر آتا ہے۔ دریں اثنا  شہباز شریف سے گزشتہ روز بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین محمد انور بیگ نے  ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ پنجاب میںخدمت پروگرام پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  مسلم لیگ (ن)  کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور عوام کے فلاحی پروگراموں پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔ خدمت پروگرام کے ذریعے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے گی۔ وسائل قوم کی امانت ہیں ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ کریں گے۔

مزیدخبریں