لاہور + گوجرانوالہ + فیروزوالا (نامہ نگار + سٹاف رپورٹر + نمائندگان) لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے، نقدی، طلائی زیورات و دیگر سامان لوٹ لیا، کئی گاڑیاں چوری جبکہ شفیق آباد میں پٹرول پمپ پر ڈکیتی مزاحمت پر کیشیئر کو قتل کر دیا۔ گوجرانوالہ میں بے اولاد جوڑے میاں بیوی کو قتل کر دیا، فیروزوالا میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو مارا گیا، 3 فرار، 2 پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوئوں نے ہیئرکے علاقہ بیدیاں روڈ، سنگھ والہ کے رہائشی رائے زاہد ظفر کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پریر غمال بنا کر 25 لاکھ روپے، فیصل ٹائون میں سعید اور اس کے اہلخانہ سے 10 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے لیاقت آباد میں اعظم سے 9 لاکھ روپے کی نقدی، لیپ ٹاپ اور موبائل فون، سبزہ زار میںکاشف سے 7 لاکھ کی نقدی و زیورات، قلعہ گجر سنگھ میں عباس سے 3 لاکھ روپے اور موبائل فون، گرین ٹائون میں افضل سے 2 لاکھ کی نقدی و پرائز بانڈز،جوہر ٹائون میں نوید اختر سے 3 لاکھ روپے کی نقدی، موبائل فون اور گھڑی، جوہر ٹائون میں شیراز سے 35 ہزار اور موٹر سائیکل، کاہنہ میں ظفر سے ایک لاکھ روپے مالیت کی نقدی و موبائل فون، جوہر ٹائون میں اسد سے 87 ہزار اور لیپ ٹاپ، اسلام پورہ میں خالد سے 40 ہزار روپے اور موبائل فون، نصیر آباد میں عمران سے 28 ہزار، گلشن راوی میں تنویر سے 22 ہزار قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ سے عمر سے 19 ہزار روپے اور موبائل فون، سندر میں عمر سے 15 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے پرانی انارکلی سے فرحان، اقبال ٹائون سے ساجد، نواب ٹائون سے شاہد، ستوکتلہ سے ریحان، لیاقت آباد سے ندیم، ہربنس پورہ سے علی نواز، ڈیفنس اے سے عبدالوحید، فیکٹری ایریا سے عارف کی کاریں جبکہ اقبال ٹائون سے اعزاز، مسلم ٹائون سے علی، نواں کوٹ سے شیراز اور واحد، ملت پارک سے لیاقت، گلشن راوی سے شاہد، سٹی رائیونڈ سے ندیم، ہنجروال سے عمران اور اشرف، سبزہ زار سے عثمان، مانگا منڈی سے سرور، فیصل ٹائون سے عمران، غالب مارکیٹ سے ذیشان، گلبرگ سے شفیق، شمالی چھائونی سے ندیم، ڈیفنس اے سے نوید، فیکٹری ایریا سے ذوالفقار اور شہباز، غازی آباد سے اعجاز، گجرپورہ سے عمران، داتا دربار سے ذیشان، اسلام پورہ سے سلیم کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ لاہو رکے علاقے شفیق آباد کے پٹرول پمپ پر ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو قتل کر دیا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سفید رنگ کی کلٹس میں سوار افراد پٹرول ڈلوا رہے تھے۔ پٹرول ڈلوانے کے دوران کار میں سوار ایک شخص نے کیشیئر کے ہاتھ میں پکڑے نوٹوں پر جھپٹا مارا اور مزاحمت پر فائر کھول دیا جس سے کیشیئر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق کار میں تین افراد سوار تھے۔ اس دوران ملزمان کی کیشیئر سے معمولی تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق مقتول کا نام خاقان عباسی تھا اور وہ آزاد کشمیر کا رہائشی تھا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں ونڈالہ نہر (فیروزوالا) کے قریب ڈاکو ناکے پر پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو مارا گیا، دو پولیس اہلکار شدید زحمی جبکہ تین ڈاکو فرار ہو گئے۔ چار پولیس کانسٹیبل محمد الیاس، احمد وحید، عنصر علی اور انیس احمد سپیشل ڈیوٹی امامیہ کالونی دینے کے بعد دو موٹر سائیکلوں پر تھانہ کی طرف جا رہے تھے جب ونڈالہ نہر جھال پل کے قریب پہنچے تو ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے جنہوں نے چاروں پولیس اہلکاروں کو روکا جس پر ان کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔ ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار دیکھ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دو پولیس اہلکار احمد وحید اور محمد الیاس اور ایک ڈاکو زخمی ہو گئے مگر ڈاکو زخمی حالت میں دم توڑ گیا جبکہ دو کانسٹیبلوں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی۔ علاوہ ازیں جی ٹی روڈ پر حدوکے میں تین ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر ٹریفک وارڈن محمد ندیم کو لوٹ کر نقدی، موبائل اور دیگر اشیا چھین لیں۔ شہریوں نے تعاقب کر کے ایک ڈاکو بلال نامی کو مقابلہ کرنے کے بعد زخمی حالت میں پکڑ لیا، دو ڈاکو فرار ہو گئے۔ شہریوں نے زخمی ڈکیت کو پولیس مریدکے کے حوالے کر دیا۔ ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر نواز کو روک کر لوٹ لیا۔ تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم اور موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔
لاہور: ڈاکے‘ مزاحمت پر پٹرول پمپ کا کیشئر‘ گوجرانوالہ میں میاں بیوی قتل‘ فیروز والا: پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو مارا گیا
Jan 02, 2014