لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے آرمی کے لاپتہ ہونے والے ریٹائر میجر اور انکے بیٹے کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر وزارت دفاع سے 14 جنوری کو رپورٹ طلب کر لی۔ دوران سماعت گذشتہ روز محکمہ پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ میجر (ر) طارق اور انکے بیٹے علی طارق کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور امکان ہے کہ وہ انہی کے پاس ہیں۔ عدالت نے پولیس رپورٹ کے بعد وزارت دفاع سے جواب طلب کر لیا کہ حساس اداروں سے دونوں لاپتہ افراد کے حوالے سے تفصیلات لیکر عدالت کے روبرو پیش کی جائیں۔ درخواست گذار نعیمہ طارق کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ انکا شوہر میجر ریٹائر طارق اور بیٹا علی دو ماہ قبل نماز جمعہ کیلئے گئے جس کے بعد لاپتہ ہو گئے۔ خدشہ ہے کہ حساس اداروں نے انہیں اغوا کرلیا ہے لہٰذا عدالت اس امر کا نوٹس لے اور درخواست گذار کے شوہر اور بیٹے کو بازیاب کرانے کا حکم دے۔