لاہور (خبرنگار) پی آئی اے کے ترکی سے لیز پر حاصل کردہ بوئنگ طیارے کے ترکش پائلٹ نے اے ایس ایف کے کمانڈوز کو دہلی جانیوالی پرواز پر ساتھ لیجانے سے انکار کردیا۔ ساڑھے تین گھنٹوں کے طویل مذاکرات کے بعد سکیورٹی عملے کو جہاز سے اتار کر پرواز دہلی کیلئے روانہ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی دوپہر پی آئی اے کی دہلی جانے والی پرواز پی کے 270 کی روانگی سے عین پہلے جہاز کے ترکش کپتان نے جہاز اڑانے سے انکار کردیا۔ اسکا موقف تھا کہ وہ 60 مسافر لیکر جائیگا مگر جہاز پر موجود اے ایس ایف کے دو مرد اور ایک خاتون کمانڈو کو جہاز سے اتارا جائے۔ ترکش کپتان نے جو ترکی سے لیز پر لئے طیارے کو اڑا رہے ہیں، پاکستانی حکام کا موقف ماننے سے انکار کر دیا۔ اسے بار بار بتایا گیا کہ بھارت جانیوالی پرواز پر حفاظتی نکتہ نظر سے کمانڈوز تعینات ہوتے ہیں مگر پائلٹ نے کسی کی نہ مانی اور ساڑھے تین گھنٹے تک اپنی بات پر اڑے رہنے کے بعد بالآخر اے ایس ایف کمانڈوز کو جہاز سے اتار کر پرواز دہلی لیکر گیا۔ اس بارے میں پی آئی اے کے ائرپورٹ منیجر اولمپئن منظور جونیئر سے بات کی گئی تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔