سیالکوٹ (نامہ نگار) برصغیر کے ممتاز عالم دین حضرت علامہ عبدالحکیم سیالکوٹی، مولانا عبداللہ اور علامہ ضیاء اللہ قادری کے مزارات اور تھانہ حاجی پورہ سے چند قدم کے فاصلہ پر جامع مسجد کو نامعلوم شرپسندوں نے آگ لگا دی، جس سے قرآن مجید کے نسخے بھی نذر آتش ہو گئے، مزارات کو شدید نقصان پہنچا۔ حاجی پورہ روڈ پر واقعہ جامع مسجد ضیائے مدینہ میں بھی نامعلوم ملزمان نے آگ لگا دی جس کے نتیجہ میں قرآن مجید کے نسخے جل گئے اور مسجد کو بھی کافی نقصان ہوا۔ مزارات، مسجد اور قرآن پاک کے نسخوں کو آگ لگانے کے واقعات کی اطلاع شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ دکانداروں نے دکانیں بند کر دیں اور شہر بھر میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ مظاہرین نے چوک علامہ اقبال سمیت مختلف مقامات پر سڑکوں کو بلاک کر کے ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاجی مظاہرے کئے اور نعرے بازی کی۔ جماعت اہلسنت کے مرکزی نائب امیر حامد رضا، مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، مرکزی انجمن تاجران سیالکوٹ کے صدر حاجی غلام مجتبیٰ مہر، جنرل سیکرٹری حاجی احسان الحق بٹ سمیت دینی جماعتوں نے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ حاجی پورہ انسپکٹر ریاض احمد باجوہ کا کہنا ہے انہوں ایک ملزم اشرف عرف بگا کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضہ سے تالے اور چادریں قبضہ میں لے کر کارروائی کی جا رہی ہے۔
سیالکوٹ: شرپسند عناصر نے مسجد، 3 مزارات کو آگ لگا دی، قرآن پاک کے نسخے بھی نذر آتش
Jan 02, 2014