وزیراعظم آزاد کشمیر کا دورہ آرمی پبلک سکول پشاور

Jan 02, 2015

آزاد کشمیر میں شدید سردی جہاں اپنے اثرات مرتب کر رہی ہے۔ وہاں دینی، سیاسی اور سماجی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں، جشن عید میلادالنبیؐ شایان شان طریقہ سے منانے کے لئے تیاریاں آخری مرحلہ میں داخل ہوگئی ہیں، میلاد ریلیوں کا جہاں انعقاد کیا جا رہا ہے وہاں شہر، دیہات، گلی، محلہ، بازار، مارکٹیں سجانے، چراغاں کرنے کا عمل جاری ہے ۔آزاد کشمیر کے عوام بھی سانحہ پشاور پر سوگوار ہیں ریاست بھر میں احتجاجی ریلیوں و اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے، مقررین نے سانحہ پشاور کو درندگی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے جملہ شہدا کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور آپریشن ضرب عضب پر حکومت پاکستان اور اسکی افواج کے ساتھ کھڑا رہنے کا اعلان کیا ہے، دہشت گردی کے جملہ واقعات کے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی و دعائیہ تقریبات جاری ہیں، آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجیداور قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدر خان نے بھی پشاور کا الگ الگ دورہ کیا ہے اور غم زدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے وزیراعظم آزاد کشمیر نے جذبہ ہمدردی و خیر سگالی کے تحت شہدا کے ورثا کو فی کس ایک لاکھ جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار فی کس امداد دینے کا اعلان کیا ہے، حکومت کے اس جذبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔
بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آزاد کشمیر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ، سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر، پاکستان مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس، جے کے پی پی، جموں کشمیر لبریشن لیگ، جماعت اسلامی سول سوسائٹی مظفر آباد عوامی اتحاد آزاد کشمیر سمیت دیگر تنظیموں و جماعتوں نے جناب بانی پاکستان کی قیام پاکستان کے لئے عظیم خدمات، اصول پسندی، دیانتداری، سیاسی، سماجی اور ایک ماہر آئین، قانون کی حیثیت سے خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قرار دیا کہ بانی پاکستان کے نظریات، افکار، جدوجہد اور اس کے اثرات سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کے لئے رہنمائی کا باعث ہیں، قوم کے ہر فرد کو ملک کے مفکر پاکستان اور بانی پاکستان کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے لئے اپنے اپنے حصہ کا چراغ روشن کرنا چاہئے۔
سابق وزیراعظم پاکستان اور پی پی پی کی چیرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی آزاد کشمیر میں عقیدت و احترام اور اس عہد کی تجدید کے ماتحت منائی گئی کہ بھٹو خاندان کے شہدا کے فلسفہ کو عام کرنے کے ساتھ ملک و ملت کے لئے بہترین خدمات سرانجام دی جائیں گی
چوہدری غلام عباس کی برسی بھی عقیدت و احترام کے ساتھ نہ صرف آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس بلکہ کئی دیگر جماعتوں نے بھی منائی اور قرار دیا کہ قومی لیڈر کو کسی ایک جماعت تک محدود نہیں رکھا جاسکتا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اس کے اثرات آزاد کشمیر کے شہریوں پر نہیں پڑے ہیں، من مانے کرائے وصول کرنے اور اسلام آباد سے زیادہ نرخوں میں تمام اشیاء کی فروخت کا غیر قانون دھندہ عروج پرگیس سلنڈر فروخت کرنے والوں کی اپنی من مانی ہے، بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، تاجر جوائنٹ کمیٹی نے لوڈشیڈنگ ختم کرانے کے لئے دن رات دھرنا شروع کر رکھا ہے، رویہ وپالیسی میں نرمی کے بجائے اس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں