امریکہ میں غیرقانونی داخلے پر 5 پاکستانی‘ ایک افغانی گرفتار

واشنگٹن (این این آئی) امریکہ کی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے پانچ پاکستانیوں اور ایک افغان شہری کو امریکہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے پر گرفتار کر لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی نے تصدیق کی کہ ان افراد کو دہشت گردی کے شبہ میں گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ دستاویزات کی عدم موجودگی پر غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ ان افراد کو امریکہ اور میکسیکو کی سرحد کے 50 کلومیٹر قریب ایروزونا ٹاؤن سے حراست میں لیا گیا تھا۔ ایف بی آئی حکام نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گرفتار افراد سے ایف بی آئی کے اہلکاروں اور جوائنٹ ٹیررزم ٹاسک فورس حکام نے مشترکہ طور پر تفتیش کی۔ نیشنل سکیورٹی ڈیٹا بیس میں ان افراد کے حوالے سے چیک کیا تاکہ معلوم ہو سکے ان کے دہشت گردوں سے روابط تھے، لیکن ایسا کچھ بھی سامنے نہیں آسکا۔

ای پیپر دی نیشن