اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) سینٹ نے فوجداری قانون کے ترمیمی بل مجریہ 2015ء کی متفقہ منظوری دی۔ بل پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے تعزیرات پاکستان 1860 اور فوجداری طریقہ کار 1898میں ترمیم کے لئے پیش کیا تھا۔ چیئرمین نے تین دوسرے بل مزید غور کے لئے قائمہ کمیٹیوں کو بھیج دئیے۔ ان میں انتخابی فہرستوں کا ترمیمی بل 2015ء حلقوں کی حد بندی کا ترمیمی بل اور پیٹنیٹس ترمیمی بل شامل ہیں۔ ایوان میں آئین کے آرٹیکل 73 کے تحت مالیاتی بل انکم ٹیکس (ترمیمی) بل 2016ء کی نقل پیش کر دی گئیں۔ چیئرمین سینٹ نے بل متعلقہ کمیٹی کو ارسال کرتے ہوئے سینیٹرز سے سفارشات 4جنوری تک جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔ چیئرمین سینٹ نے ایوان بالا میں وزیر دفاع خواجہ آصف کی تقریر بغیر اجازت کے براہ راست نشر کرنے پر ایم ڈی پی ٹی وی محمد مالک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کو ارسال کر دیا۔ وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سیاسی، معاشی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد زراعت اور توانائی سمیت ایران سے تجارت بڑھے گی، ایران کا اقتصادی راہدری منصوبہ کے ساتھ براہ راست کوئی لنک نہیں، گیس پائپ لائن کو گوادر سے ایران کی سرحد تک بڑھایا جا سکتا ہے، ایران سے اس وقت مکران ڈویژن کے لئے74میگاواٹ بجلی خرید رہے ہیں، پاکستان مسلم امہ میں تقسیم کے خلاف ہے اور تمام ممالک سے تعلقات میں توازن چاہتے ہیں، امریکہ سے مارچ 2008ء سے اب تک 64پاکستانی سزائیں مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آچکے ہیں۔ وزیر تعلیم بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی شرح خواندگی اس وقت 60فیصد ہے اور یہ شرمناک حد تک کم ہے ، 2013ء سے 2014ء تک شرح خواندگی 2 فیصد بڑھی ہے۔ ایشیا کے ممالک میں شرح خواندگی میں پاکستان صرف افغانستان سے آگے ہے۔ وزیرمملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں کم کی گئی ہیں، حکومت ادویات کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔ پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وزیر نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے حال ہی میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا ہے اور گزشتہ تین سالوں کے دوران صرف ایک بار گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ تیل برآمد کرنے والے ممالک میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔ اگر عالمی مارکیٹ میں دسمبر میں تیل کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو اس کا فائدہ فروری میں عوام کو پہنچے گا۔ ایسا ممکن نہیں ہوتا کہ جس روز عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوں اسی روز تیل برآمد کرنے والے ممالک میں بھی ہو جائیں۔ 2012ء سے اب تک 36 روپے پٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے۔ ہمسایہ ممالک میں قیمتیں ہمارے مقابلے میں 20 سے 25 فیصد زیادہ ہیں۔ سینیٹر مشاہد حسین، صلاح الدین ترمذی، طاہر حسین مشہدی، نگہت مرزا، رحمن ملک، بیرسٹر سیف اور دیگر نے سانحہ آرمی پبلک سکول کی جوڈیشل انکوائری، واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے، فرحت اللہ بابر نے کارگل واقعہ، اسامہ بن لادن کے مارے جانے کی تحقیقاتی رپورٹس بھی منظرعام پر لانے کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین سینٹ نے سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے میوزیم بنانے کی تجویز دی۔