لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سپاٹ اور میچ فکسنگ میں سزا مکمل کرنے والے محمد عامر کی پانچ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہو گئی جبکہ فاسٹ بولر محمد عرفان کو ٹی ٹونٹی سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا۔ ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے آئی سی سی کی جانب سے معطل ہونے والے یاسر شاہ کی جگہ ظفر گوہر جبکہ اسد شفیق اور انجری مسائل سے نجات پانے والے فاسٹ بولر عمر گل کی قومی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ممبر سلیکشن کمیٹی اظہر خان اور میڈیا منیجر رضا راشد کے ساتھ پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا انتخاب ٹیم مینجمنٹ اور کپتانوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سلسلہ میں مزید تجربات نہیں کیے جائیں گے ہمارا تمام فوکس میگا ایونٹ پر ہے۔ اس کے لئے 25 سے 26 کھلاڑیوں کو فائنل کر لیا ہے۔ عامر کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے انہیں سکواڈ میں شامل کیا گیا، فزیکل فٹنس کیمپ میں عامر سمیت تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ کے لئے پہلے ٹی ٹونٹی ٹیم روانہ ہوگی جس کے کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عمر اکمل، افتخار احمد، شاہد آفریدی (کپتان)، عماد وسیم، انور علی، عامر یامین، سرفراز احمد، وہاب ریاض، عمر گل، محمد رضوان، سعد نسیم اور محمد عامر شامل ہیں جبکہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے قومی سکواڈ کے کھلاڑیوں میں اظہر علی (کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، شعیب ملک، اسد شفیق، بابر اعظم، صہیب مقصود، ظفر گوہر، عماد وسیم، انور علی، سرفراز احمد، وہاب ریاض، راحت علی، ایم عرفان، محمد رضوان اور محمد عامر شامل ہیں۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ عرفان کی فٹنس کا کوئی ایشو نہیں، ہم نے تمام چیزوں کو مد نظر رکھ کر سکواڈ فائنل کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر نے کسی کی جگہ نہیں لی بلکہ وہ اپنی پرفارمنس کی بنا پر سکواڈ میں شامل ہوا ہے۔ ہارون رشید کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم اپنے ہوم گراونڈ پر حریف ٹیموں کیلئے مشکل ترین ٹیم ہے تاہم پاکستان کی ٹیم مضبوط ہے، ٹی ٹونٹی اور ون ڈے ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ٹیم میں تیسرے اوپنر کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صہیب مقصود کو انگلینڈ لائنز کے خلاف بطور اوپنر آزمایا گیا تھا جس میں وہ توقعات پر پورا اترے۔ انہیں بھی دیگر اونپرز کے ساتھ آزمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے ڈومیسٹک میں یاسر شاہ کے 40 سے 50 فیصد تک بھی کوئی بولر نہیں جس کی بنا پر ظفر گوہر کو موقع دیا گیا ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ کے لئے پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم 9 جنوری کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔