حیدرآبار (نیٹ نیوز + آن لائن) بالی وڈ کی درجنوں فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے پاکستانی معروف گلوکار راحت فتح علی خان کو حیدر آبار ائرپورٹ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ گلوکار کو نئے سال کی آمد پر کنسرٹ میں شرکت کرنا تھی۔ دوسری طرف ممبئی میں انتہاپسند تنظیم شیوسینا کے احتجاج کے باعث پاکستانی فنکاروں نے قوالی پارٹی بھی منسوخ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق راحت فتح علی خان حیدر آباد کے ’تاج فلک نما پیلیس‘ میں سال نو کے موقع پر کنسرٹ میں پرفارم کرنے کے لئے حیدر آباد کے راجیو گاندھی ائر پورٹ پر اترے تو حکام نے انہیں امیگریشن رولز کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر ائر پورٹ سے باہر نہ آنے دیا۔ ائرپورٹ حکام کا موقف تھا کہ پاکستانی شہری بھارت میں صرف 2 شہروں نئی دہلی اور ممبئی کے علاوہ کسی اور شہر سے داخل نہیں ہوسکتے، جس کے باعث راحت فتح علی خان کو حیدر آباد سے اسی پرواز سے واپس ابوظہبی بھیج دیا گیا۔ بعد میں وہ اگلی پرواز سے واپس دہلی آئے اور وہاں سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے دوبارہ حیدرآباد پہنچے۔ جہاں انہوں نے پرفارم کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی نے اس واقعہ کا ذمہ دار ائر لائن حکام کو قرار دیا اور بتایا کہ انہیں اس امیگریشن رول کا علم نہ تھا۔
نئے سال پر بھارت کا تحفہ‘ گلوکار راحت فتح علی کو ڈی پورٹ کردیا
Jan 02, 2016