اسلام آباد+ کوئٹہ (سپیشل رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے کہ 2016ء دہشت گردی کے خاتمے اور قومی یکجہتی کا سال ہوگا، انشاء اللہ قوم کی حمایت کے ساتھ دہشت گردی، جرائم اور کرپشن کے گٹھ جوڑ کو توڑ کر انصاف اور امن کی راہ ہموار کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف تلار اور تربت کے دورے کے بعد گوادر پہنچے جہاں انہوں نے بلوچ عمائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ انشاء اللہ قوم کی حمایت کے ساتھ دہشت گردی، جرائم اور کرپشن کے گٹھ جوڑ کو توڑ کر انصاف اور امن کی راہ ہموار کریں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آرمی چیف نے سکیورٹی اور ترقیاتی کاموں میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی ترقی سے مقامی افراد کی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ گوادر بندرگاہ فعال کرنے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔ گوادر، تربت اور تالار میں زیرتعمیر اقتصادی منصوبوں کا جائزہ لینے کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان، چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والے چینی انجینئروں اور دوسرے کارکنوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان چیف اقتصادی راہداری منصوبوں پر پیشرفت اور انکی سکیورٹی کے بارے میں بریفنگ لی۔ آرمی چیف کو بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال اطمینان بخش ہے اور حالات معمول پر ہیں۔ ان علاقوں میں عسکریت پسندی کا گراف گر گیا ہے۔ آرمی چیف نے علاقے میں سکیورٹی کی خدمات انجام دینے واملے ان فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ آرمی چیف نے مکران ڈویژن میں امن کی بحالی کے لئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان چین راہداری منصوبے سے متعلقہ منصوبے مکمل ہونے سے بلوچستان میں خوشحالی آئے گی۔ آرمی چیف نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے آرمی انجینئروں اور دوسرے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کرنے پر بلوچستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان علاقے میں ترقی اور توانائی کا مرکز بن کر ابھرے گا۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے گوادرکو سول حکومت کے ساتھ ملکر مقامی اورغیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ شہربنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے عزم کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج صوبے میں صورتحال معمول پرلانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گی، علاقے کی سکیورٹی اور ترقی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، گواد رپورٹ اوردیگرمنصوبوں پر کام کرنیوالے انجینئروں اورکارکنوں بالخصوص چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں، منصوبوں سے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کی زندگی میں تبدیلی اورعلاقے میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے پاک فوج کے انجینئروں کی طرف سے اقتصادی راہداری کے تحت تعمیرکئے جانیوالے منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لیا۔ آرمی چیف کوبلوچستان بالخصوص مکران ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف کوبتایا گیا کہ مکران ڈویژن میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے آرمی اورقانون نافذ کرنیوالے دیگراداروں کے شہداء اورسویلینز کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے علاقہ کی سکیورٹی اورترقی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ان منصوبوں سے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کی زندگی میں تبدیلی اورعلاقہ میں خوشحالی آئے گی۔ مقامی عمائدین سے گفتگو کے دوران آرمی چیف نے بلوچستان کے غیوراوربہادر عوام کو بھرپورخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے ان کی غیرمشروط حمایت پرتشکرکااظہار کیا اوریقین دلایا کہ ان منصوبوں سے مقامی آبادی کوبھرپوراستفادے کا موقع میسر آئیگا۔ آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان ریجنل حب کی حیثیت سے سامان کی ترسیل اورتوانائی کی تجارت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں کی تکمیل براہ راست امن وامان سے منسلک ہے اس کا اثر صوبے کے امن وامان پر پڑیگا۔ انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ مسلح افواج صوبہ میں حالات معمول پرلانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرینگی۔