سرکاری محکموں اور خدمات کا نظام ٹھیک کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں: پرویز خٹک

Jan 02, 2016

نوشہرہ (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے پاس سرکاری محکموں اور خدمات کا نظام ٹھیک کرنے کے سوا کوئی راستہ موجود نہیں اس لئے ہم ایسا نظام لانے کیلئے کوشاں ہیں جس سے رشوت، کرپشن، کام چوری اور سرکاری عہدوں پر بیٹھ کر ذاتی مفادات حاصل کرنے کے تمام راستے بند ہو جائیں اور صوبے کے عوام خصوصاً کمزور اور غریب طبقوں کو حق و انصاف اور بیروزگاری، تعلیم، صحت سمیت اُن کے مسائل کے حل کے تمام راستے کھل جائیں اور ان مسائل کے حل کیلئے وہ ارباب اختیار کے محتاج نہ ہوں۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبے سے بیروزگاری ختم کرنے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے ایسی صنعتی پالیسی تشکیل دی ہے جس سے خصوصی مراعات کے تحت صوبے میں قائم ہونے والے کارخانے بند نہیں ہوں گے اور ان کارخانوں کی پائیداری یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت دیگر مراعات کے علاوہ ہر سال تقریباً پانچ ارب روپے کا مارک اپ صنعتکاروں کی جانب سے صوبائی حکومت بینکوں کو ادا کرے گی۔ وہ جمعہ کے روز نوشہرہ میں نوشہرہ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ اور گورننگ باڈی کی حلف برداری کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے پریس کلب کی کابینہ اور گورننگ باڈی کے ارکان سے ان کے عہدوںکا حلف بھی لیا۔ پریس کلب کے نومنتخب صدر مشتاق پراچہ نے اس موقع پر اپنے خطبہ استقبالیہ میں پریس کلب کی ترقی اور نوشہرہ کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے تعاون پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے فراہم کردہ 50 لاکھ روپے کے انڈومنٹ فنڈ سے نوشہرہ کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں ہمیشہ کیلئے فنڈز کی فراہمی کا بندوبست کر دیا گیا ہے۔

پرویز خٹک

مزیدخبریں