کیریئر کا 100واں ٹیسٹ میچ اعزاز‘ فیملی نے بہت سپورٹ کیا: علیم ڈار

لاہور(نمائندہ سپورٹس )کرکٹ کے عظیم پاکستانی امپائر علیم ڈار جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی امپائرنگ کی سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے امپائر ہوں گے۔آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق علیم ڈار آج سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنے فرائض انجام دیں گے یہ ان کے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔۔اس سنگ میل کو عبور کرنے کے حوالے سے47 سالہ علیم ڈار کا کہنا تھا کہ میں اپنے کیریئر میں اس اہم اعزاز کو حاصل کرنے پر بہت خوش اور فخر محسوس کر رہاہوں۔ یہ سوچتے ہوئے حیرت ہوتی ہے کہ وقت کتنی جلدی سے گزرگیا، میں ان سالوں میں نہ صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے بلکہ آئی سی سی کی جانب سے ملنے والی حمایت پر دلی طورپر شکرگزار ہوں۔ کھیل کے ساتھ منسلک رہنا ایک بڑا اعزاز ہے جس نے مجھے محظوظ کیا اور میں پوری دنیا کو دیکھ سکا اور مختلف ثقافتوں سے روشنا س ہوا۔علیم ڈارنے اپنے خاندان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے خاندان کا خاص شکرگزار ہوں کیونکہ ان کی حمایت کے بغیر میں اپنے کیریئر سے لطف اندوز نہیں ہوسکتا تھا، ایک امپائر کی زندگی گھر سے باہر بعض اوقات مختلف چیلنجوں سے نبردآزما ہوسکتی ہے لیکن انھوں نے جان لیا کہ مجھے اس کی کتنی اہمیت ہے اور انھوں نے ہمیشہ میری مکمل حمایت کی۔مجھے بہترین میچ انتظامیہ کے ساتھ تاریخی مقامات پر جدید دنیا کے عظیم کھلاڑیوں کے میچوں کا انتظام سنبھالنے کا شرف بخشا گیا جو میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے اور میں اسے کئی سالوں تک یاد رکھوں گا۔ آئی سی سی کے کرکٹ جنرل منیجر جیف الاریڈیس کا کہنا ہے کہ علیم ڈار دنیا ئے کرکٹ میں کئی سالوں سے بہترین امپائروں میں سے ایک اور سب سے زیادہ قابل احترام امپائر ہیں، یہ اتنا آسان نہیں ہے کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک ایلیٹ سطح پرامپائرنگ کریں، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تسلسل اور بھروسہ نے ان کو کئی سالوں تک بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم دیا۔ علیم ڈار کرکٹ کے دواور عظیم امپائروں سٹیو بکنر اور روڈی کورٹزن کے معزز گروہ میں شامل ہوں گے انھیں اپنی کامیابیوں پر فخر ہونا چاہیے، انھیں کرکٹ برادری میں ہرجگہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور مجھ سمیت تمام لوگ جو اس کھیل سے منسلک ہیں انھیں اس کارنامے پر مبارک باد دیں گے۔سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ خالد محمود اور سابق منیجر قومی کرکٹ ٹیم اظہر زیدی نے علیم ڈا کو 100واں ٹیسٹ میچ سپر وائز کرنے پر مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...