نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر روہتک میں جلسہ کے دوران عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کو 26 سالہ نوجوان نے جوتا دے مارا جو سٹیج کے پاس جا گرا اور کیجریوال محفوظ رہے۔ پولیس نے قصہ داری کے رہائشی وکاس کو گرفتار کرلیا۔ اس سے قبل ’’آپ‘‘ کے کارکنوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق وکاس ستلج جمنا کینال کے تنازع پر کیجریوال کے خیالات سے خوش نہیں تھا۔ پانی کا یہ تنازع آج کل ہریانہ اور پنجاب کے درمیان سخت کشیدگی کا باعث بنا ہوا ہے۔ کیجریوال نے بعدازاں خطاب کے دوران کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی بزدل شخص ہے، اسکے حامیوں نے مجھ پر جوتا پھنکوایا۔ مودی جی ہم بھی یہی حرکت آپ کے ساتھ کر سکتے ہیں مگر ہماری اخلاقیات اسکی اجازت نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ مگر کرنسی بحران اور سہارا برلا گروپس سے رشوت لینے کے معاملے پر مودی کو بے نقاب کرتا رہونگا۔