سرینگر + نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سال2017کا آغازبھی آزاد کشمیر کے شہری علاقوں پر بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے کر دیا۔ اتوار کی صبح پونچھ سیکٹر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے شہری علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کی یہ گولہ باری سال نو کے پہلے دن جنرل دلبیر سنگھ کی سبکدوشی اورنئے بھارتی فوجی چیف جنرل بیپن راوت کی تعیناتی کے فوری بعد شروع ہو گئی۔ پونچھ کے شیر، شکتی اور ڈوڈہ سیکٹروں میں بھارتی فوج کی گولہ باری کے بعد پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔ گولہ باری کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ پاک فوج کی جوابی مؤثر کارروائی سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔ گولہ باری کے تبادلہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاعات نہیں۔ ایک روز قبل بھی بھارت نے پونچھ سیکٹر میں ہی آزاد کشمیر کی شہری آبادی پر بلااشتعال گولہ باری کی تھی۔ دوسری جانب پاکستان اور بھارت نے نئے سال کے پہلے روز ہر سال کی طرح جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا، 1988 کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ نہ کرنے کے پابند ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان 1988 کے معاہدے کے تحت جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں پاکستانی جوہری تنصیبات کی تفصیل بھارتی ہائی کمشن کے ایک اہلکار کے حوالے کی جبکہ نئی دلی میں یہ فہرست پاکستانی ہائی کمشن کے حوالے کی گئی۔بھارتی وزارت کے مطابق دونوں ممالک کی جیلوں میں بند قیدیوں کی فہرستوں کا بھی تبادلہ کیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان ہرسال یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔