پنجاب کے کئی شہر دھند کی لپیٹ میں، ٹریفک حادثات، بچی، طالبعلم سمیت 4 جاں بحق

لاہور/ اسلام آباد (آن لائن+ نامہ نگاران) پنجاب کے بیشترشہر دھند کی لپیٹ میں رہےجس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی، جبکہ ٹریفک حادثات کے دوران 6 سالہ بچی، ایک خاتون اور چھٹی کے طالبعلم سمیت 4 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔ پنجاب کے زیادہ ترعلاقوں میں شدید دھندکی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ میانوالی، ملتان، فیصل آباد، ساہیوال سمیت بیشتر شہروں میں حدِ نگاہ صفر رہ گئی ہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے سبب موٹر سائیکل ٹکرانے کے نتیجہ میں زمیندار غلام حسین دم توڑ گیا جبکہ اسکا بھائی غلام میراں شدید زخمی ہوگیا۔ فتو والا موڑ ڈیرہ رحیم روڈ پر موٹر سائیکل گدھا گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار چھٹی جماعت کا طالب علم 12 سالہ سعید علی چل بسا اور اسکا باپ محمد علی شدید زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں غلہ منڈی ریلوے پھاٹک کے قریب زبیدہ موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہوگئی جسے سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ منڈھالی کے قریب 2 کاریں، 3 ٹرک اور ایک مسافر بس آپس میں ٹکرانے کے نتیجہ میں 19 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ملتان روڈ بائی پاس کے قرےب دھند کے باعث تےن گاڑےاں آ پس مےں ٹکرا گئےں جس کے نتیجے میں 6 سالہ بچی جاں بحق، باپ، بہن اور تےن بھائی زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ کا رہائشی محبوب اپنی فےملی کے ساتھ کار پر ملتان جا رہا تھا کہ دھند کے باعث کار آگے جانے والے کےری ڈبہ سے ٹکرا گئی کسی اثنا مےں پےچھے سے آنےوالی تےز رفتار بس کار مےں آلگی جس کے نتےجہ مےں کار سوار محبوب، اسکے تےن بےٹے محمد احمد، شاہ زےب، مدثر علی اور بےٹی عائشہ زخمی ہوگئی جبکہ محبوب کی چھ سالہ بےٹی آمنہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ پولےس تھانہ پھولنگرنے ضاطبہ کی کاروائی مکمل کر لی ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم کشمیر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہیگا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق سکردو منفی8، ہنزہ منفی6، گوپس منفی5، گلگت منفی4، استور میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ کالام میں منفی 4، دیر میں منفی 3 سینٹی گریڈ رہا۔
دھند / 4 جاں بحق

ای پیپر دی نیشن