نیشنل ہاکی چیمپئن شپ :سپرایٹ مرحلہ آرمی نے سوئی نادرن گیس کوشکست دے دی

Jan 02, 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر) 63 ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے سپر ایٹ مرحلہ میں مزید دو میچز کا فیصلہ ہو گیا۔ آرمی نے یکطرفہ مقابلے میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن کو شکست دی جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور واپڈا کے درمیان کھیلا جانے والے میچ برابری پر ختم ہوا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری چیمپیئن شپ 2016-17ء کے سپر ایٹ مرحلہ میں گذشتہ روز دو میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ آرمی اور سوئی نادرن گیس پائپ لائن کے درمیان کھیلا گیا جس میں آرمی ٹیم سات ایک سے کامیابی کے باوجود سیمی فائنل کے لیے رسائی حاصل نہ کر سکی۔اس میچ میں فاتح ٹیم کی جانب سے نعمان نے تین، جبار نے دو جبکہ عباس اور افضل نے ایک ایک گول سکور کیا۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی جانب سے واحد گول داود نے کیا۔ سپر ایٹ مرحلے کا آخری میچ واپڈا اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان کھیلا گیا جو دو دو گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز ہوا۔ میچ کے 18 ویں منٹ میں واپڈا کے اسد بشیر نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو زیادہ دیر برقرار نہ رہی۔ اگلے ہی منٹ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے نوید عالم نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ ایک منٹ بعد عباس حیدر نے بال کو جال کی راہ دکھا کر سوئی سدرن گیس کمپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ میچ کے تیسرے کوارٹر اور میچ کے 43 ویں منٹ میں واپڈا کے علیم بلال نے گول کر کے مقابلہ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بڑی کوشش کی تاہم میچ دو دو گول سے برابری پر ختم ہوا۔ چیمپئن شپ میں آج آرام کے دن کے بعد دونوں سیمی فائنلز کل بروز منگل کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل پی آئی اے اور واپڈا کے درمیان 11 بجے دن جبکہ دوسرا سیمی فائنل سوئی سدرن گیس کمپنی اور نیشنل بنک کی ٹیموں کے درمیان دن 2 بجے شروع ہوگا۔

مزیدخبریں