مغلپورہ: خاتون نے بے وفائی پر وکیل دوست کو زہر دیکر قتل کر دیا

لاہور (نامہ نگار) مغلپورہ کے علاقے میں خاتون نے 35سالہ دوست وکیل کو بے وفائی پر زہردے کر موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ پولیس نے خاتون کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سمندری کا رہائشی 35سالہ وحید احمد وکالت کرتا تھا۔ اس کی پہلی بیوی کچھ عرصہ قبل فوت ہو گئی اور وہ ایک بیٹی کا باپ تھا۔ مغلپورہ پولیس کے مطابق وحید احمد ایڈووکیٹ کے پاس عظمیٰ نیاز نامی خاتون سمندری میں کسی کیس کے سلسلہ میں آتی تھی اور اس کے چار بچے ہیں جبکہ اس کا خاوند فوت ہوچکا ہے۔ دونوں میں دوستی ہو گئی اور بات شادی تک پہنچ گئی۔ عظمیٰ نیاز مغلپورہ کے علاقے محلہ امرتسری فیاض پارک میں اپنے بچوں کے ہمراہ رہتی تھی۔ وحید احمد کے گھر والوں نے اس کی شادی 20دسمبر کو کسی اور لڑکی سے کر دی تھی، عظمیٰ شادی سے خوش نہیں تھی۔ گزشتہ روز عظمیٰ نیاز نے وحید احمد کو اپنے گھر ملنے کے لئے بلوایا اور اس کو مبینہ طور پر زہر دیکر قتل کر دیا، وحید احمد نے مرنے سے کچھ دیر قبل اپنے ایک وکیل دوست کو موبائل فون پر ایس ایم ایس کیا کہ اس کو عظمیٰ نے زہر دے دیا ہے جس سے اس کی موت ہو جائے گی ۔ وحید احمد کے وکیل دوست کی اطلاع پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کردیکھا تو وہاں وحید احمد کی نعش پڑی تھی۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردی اور مقتول کے بھائی افضال سلیم کی مدعیت میں عظمیٰ نیاز کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن