بھارت مقبوضہ کشمیر میں ناقابل یقین جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے: صدر آزادکشمیر

راولاکوٹ (این این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزا دکشمیر میں انفراسٹرکچر اور روڈ ز سے متعلق جملہ ترقیاتی منصوبہ جات عام آدمی کو ترجیحا ًفائدہ و سہولیات پہنچانے کے لیے شروع کیے گئے ہیں ۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار ضلع پونچھ راولاکوٹ کی مختلف یونین کونسلز میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے معائنہ کے دوران کیا۔ دورہ کے دوران صدر کو ترقیاتی منصوبہ جات پر کارروائی سے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ صدر نے تمام منصوبوں کی اعلیٰ تکنیکی اور معیاری اور جلد تعمیر کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے متعلقین کو ان منصوبہ جات کی معیاری اور جلد تعمیر کے لیے ہدایت کی ہے۔ صدر مسعود خان نے یہاں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر کو علاقہ کا ترقیاتی مرکز بنانے کے لیے آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر جدید سڑکات کے نیٹ ورک اور صنعتوں کی تعمیر پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار بڑے منصوبوں جن میں کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (1124)میگاواٹ ، کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (720)میگاواٹ ، میر پور صنعتی زون اور 196کلو میٹر مانسہرہ تا میر پور ایکسپریس وے شامل ہیں۔ اس طرح آزا دکشمیر سی پیک کے ساتھ مکمل طور پر منسلک ہو جائے گا۔ صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ناقابل یقین جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ حکومت اپنی ترجیحات کے مطابق اقدامات کر رہی ہے۔ میرٹ‘ گڈ گورننس پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان بغیر سفارش و رشوت این ٹی ایس اور پبلک سروس کمشن کے ذریعے اپنا حق روزگار حاصل کر رہے ہیں۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان کا حق میرٹ پر ملے گا۔ برطانیہ میں تارکین وطن کو منظم کیا جائے تاکہ تحریک آزادی کیلئے تارکین وطن ایک مؤثر آواز بن سکیں۔ تارکین وطن کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدربیرسٹر چودھری احمد یعقوب اور خواجہ حیدر میر سے گفتگو کے دوران کیا۔

ای پیپر دی نیشن