امریکہ کا مزید عسکری مشیر اور فوجی افغانستان بھیجنے کا فیصلہ

واشنگٹن(آئی این پی) امریکہ کے سیکرٹری دفاع جمیز میٹس نے کہا ہے کہ نئے سال میں پینٹا گون افغان فورسز میں مزید عسکری مشیر شامل کرے گا کیونکہ امریکا نے افغان فورسز کی مدد سے خطے میں جنگیں جیتی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سالِ نو سے قبل پریس بریفنگ کے دوران امریکی سیکرٹری دفاع کا کہنا تھا ہم مزید امریکی فورسز اور عسکری مشیر افغانستان کی فوج میں شامل کریں گے، کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ ان (افغانیوں) کے پاس ایسے لوگ موجود نہیں تھے اور وہ اس طرح لڑنے کے لیے بھی تیار نہیں تھے جیسا ہم چاہتے تھے۔افغان فورسز کو طالبان کے خلاف جنگ جیتنے میں مزید وقت درکار ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے امریکی سیکرٹری دفاع نے کہا کہ اگر ایک فوج تشکیل دی جائے اور اسے بیک وقت حالات کو معمول پر لانے اور لوگوں کے تحفظ کا کام دیا جائے تو اسے اپنی کارکردگی دکھانے میں وقت لگتا ہے۔پینٹا گون حکام کا کہنا ہے کہ نئی امریکی حکمت عملی کی مدد سے افغان فورسز کے ساتھ تعاون میں مزید بہتری آئی تاہم 2018 میں امریکی فوجی مشیر کی افغان فورسز میں کور کمانڈرز کی سطح کے بجائے بٹیلین کی سطح پر شمولیت سے مدد کی جائے گی۔افغان فورسز اب گزشتہ برس سے زیادہ فضائی حملوں کی درخواست کریں گے جو افغانستان طالبان کی آمدن کے وسائل کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن