اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان نے دو طرفہ معاہدہ کے تحت نئے سال کے پہلے روز457 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان قیدیوں میں 58 شہری اور 391 ماہی گیر شامل ہیں۔فہرستوں کا تبادلہ پاکستان اوربھارت کے درمیان مئی 2008 میں دستخط ہونے واے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تناظر میں کیاگیا ، معاہدے کے مطابق دونوں ممالک سال میں دو دفعہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔بیان میں بتایا گیا ہے پاکستان آٹھ جنوری کو 141 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرے گا۔بھارت نے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کے مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہا ہے ہم پاکستان میں زیر حراست تمام بھارتی شہریوں تک قونصلر رسائی کے انتظار میں ہیں۔آئی این پی کے مطابق پاکستان اور بھارت نے نئے سال کے پہلے روز ہر سال کی طرح جوہری تنصیبات اور جیلوں میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشن کو فراہم کی ۔