لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور نیوزی لینڈ الیون کے مابین ون ڈے پریکٹس میچ (کل)بدھ کو کھیلا جائے گا، نیلسن میں کھلاڑیوں نے کوچز کی زیرنگرانی بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپورٹریننگ کی۔ مکی آرتھر ،بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اوربولنگ کوچ اظہرمحمود نے تین نیٹ لگا کربیٹسمینوں اور بولرز کو پریکٹس کرائی، لیگ سپنرشاداب خان نے بھی ٹیم کوجوائن کرلیا ہے۔ سرفراز احمد الیون چھ جنوری سے پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ اوپنرز فخرزمان، امام الحق اوراظہرعلی کے ساتھ بابراعظم،شعیب ملک اوردیگر بیٹسمینوں نے ڈیڑھ گھنٹے سے زائد بیٹنگ اورفاسٹ بولرز محمدعامر، حسن علی، رومان رئیس اوراسپنرز شاداب خان اور محمد نوازنے بولنگ پریکٹس کی۔ فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے کھلاڑیوں کوکیچز،رننگ،فیلڈنگ اورتھروکرانے کی مشقیں کرائیں، قومی ٹیم دورے کی شروعات(کل)بدھ کو شیڈول ون ڈے پریکٹس میچ سے کریگی۔،جس کے بعد دونوں ممالک میں شیڈول پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا افتتاحی ٹاکرا 6 جنوری کو ولنگٹن ،9 جنوری کو دوسرے ایک روزہ میچ نیلسن ، تیسرا ون ڈے 13 جنوری کو یونیورسٹی اوول پر ٹاکرا ہوگا، چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل ہیملٹن کے سیڈون پارک پر شیڈول کیاگیا ہے، پانچویں اور اختتامی میچ کیلئے دونوں ٹیمیں 19 جنوری کو ایک بار پھر ولنگٹن میں مدمقابل آئیں گی، اسی مقام پر ٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ 22 جنوری کو شیڈول کیاگیا ہے۔ 25 جنوری کو مختصر فارمیٹ کا دوسرا مقابلہ آکلینڈ میں ہوگا جبکہ 28 جنوری کو گرین شرٹس اپنا اختتامی مقابلہ مانٹ مینگوئنی میں کھیلیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچوں کیلئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 13 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔ انجری کا شکار ہونے والے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان کے خلاف ٹوڈ ایسٹل اور مچل سینٹنر کو شامل کیا ہے جو سپن بولنگ کے شعبے میں خدمات پیش کریں گے۔ نیوزی لینڈ کے 13 رکنی سکواڈ میں کپتان کین ولیمسن، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، روس ٹیلر، ٹم ساؤتھی، مارٹن گپٹل، کولن منرو، ٹرینٹ بولٹ، فوکی فرگوسن، ہینری نکولس، ڈوگ براسویل، ٹوڈ ایسٹل اور مچل سینٹنر شامل ہیں۔