منگل کو ملتوی ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بدھ کی شام کو ہوگا۔کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہو گا جس میں ملکی اقتصادی معاشی صورتحال سمیت سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔کابینہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات سے متعلق بیان کا معاملہ بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔پاکستان سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا تھا جو اب ملتوی کر دیا گیا ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ملاقات کی اور ٹرمپ کے بیان کا جواب دینے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کو15 سال میں 33ارب ڈالرز سے زیادہ امداد دے کر امریکا نے بے وقوفی کی،امداد کے بدلے پاکستان نے امریکا کو جھوٹ اور دھوکے کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان ، امریکی رہنماوں کو بے وقوف سمجھتا رہا ہے، وہ ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے، جن کاہم افغانستان میں ان کی نہ ہونے کے برابرمدد سے تعاقب کر رہے ہیں اور اب ایسا نہیں چلے گا۔