اگر امریکی پالیسیوں کی مخالفت نہ کی گئی تو پاکستان کا وجود پوری دنیا میں متاثر اور کمزور تصور ہوگا : قمر زمان کائرہ

 پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان سے متعلق بیان ہماری ناکام خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،ہمیں کسی صورت امریکہ کے دبائو میں نہیں آنا چاہئے بلکہ اب پورے ملک کا موقف ایک ہی ہونا چایئے کہ اب ایسا نہیں چلے گا اور اگر امریکی پالیسیوں کی مخالفت نہ کی گئی تو پاکستان کا وجود پور دنیا میں متاثر اور کمزور تصور ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل صدر پیپلز پارٹی سید حسن مرتضی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ قوم کا بچہ بچہ قرض میں ڈبو دیا گیا ہے اور جمہوریت کا ڈھونڈورا پیٹنے والے ملکی ترقی کا بھاشن دیتے نہیں تھکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی پالیسی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ ہم نے امریکہ کی لڑائی میں نا قابل تلافی نقصان اٹھائے ہیں جن کا خمیازہ ہماری آنے والی نسلیں بھی بھگتیں گی اور ہم بھی بھگت رہے ہیں جبکہ امریکہ مزید ہم پر دبائو ڈال کر ہم سے قربانیاں لینا چاہتا ہے اور اس ایجنڈے میں اسلام دشمن ممالک بھی امریکہ کے ساتھ ہیں مگر ہمیں کسی صورت امریکہ کے دبائو میں نہیں آنا چاہئے۔انہوں نے شریف برادران کے دورہ سعودی عرب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور بڑے میاں صاحب عبادت کی بجائے سیاسی عمرہ کرنے سعودی عرب گئے ہیں ۔کٹھ پتلی وزیراعظم بھی ان کے پیچھے پیچھے بہترین خادم اور درباری ہونے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والے دن رات اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور زہر اگل رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ دیکھنے سننے کو مل رہا اس سے یقین ہوتا ہے کہ شریف خاندان کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔مریم نواز شریف توہین عدالت کے تمام ریکارڈ توڑ چکیں لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ اب شریف فیملی دوبارہ سعودی عرب میں پڑائو پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام اور معیشت کو بری طرح تباہ و برباد کر دیا گیا ہے ۔ایک منشی لوٹ مار کرکے جا چکا جبکہ منشی بھی اپنے اپنے چکروں میں لگے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سال پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کرکے مسلم لیگ ن نے عوام پر واضح کردیا کہ لوٹ مار کیسے کرتے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن