کراچی (سٹی ڈیسک ) انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سیکریٹری جنرل صمید عالم نے قابض بھارتی فوج اور انڈین حکومت کی گزشتہ ہفتوں سے جاری ریاستی دہشت گردی سے نہتے درجنوں کشمیریوں کی شہادت اور سینکڑوں مائوں، بہنوں ، نوجوانوں اور بزرگوں کے زخمی ہونے پر احتجاجی بیان میں کہا مقبوضہ کشمیر لہو لہو ہے۔ کشمیریوں کا خون پانی کی طرح بہہ رہا ہے بھارت نے درندگی اور سنگدلی کی تمام حدیں پار کردیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں قبضہ برقرار رکھنے کیلئے قتل عام اور کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبردار مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم پر کیوں خاموش ہیں۔ انڈین آرمی کی اس ظلم اور بربریت پر عالمی برادری کی خاموشی دوہرا ظلم ہے۔ اقوام متحدہ ایک ضمیر فروش ادارہ بن چکا ہے انسانی حقوق کے ادارے خاموش مجرم کا کردار ادا کررہے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ بھارت سے کشمیریوں کی ظلم و ستم کا بدلہ لیا جائے۔ اقوام عالم کے اس متعصبانہ روئیے کیوجہ سے آج دنیا کا امن خراب ہورہا ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی طرف عالمی برادری کو متوجہ کرنے کے لیے بھرپور اور ہمہ وقت سفارتی مہم جوئی اختیار کرے۔ اخلاقی و سیاسی امداد سے کچھ آگے بڑھ کر برسر پیکار حریت پسند عوام کی ٹھوس معاونت کرے، جوکہ ایک فریق ہونے کے ناطے حکومت پاکستان کی آئینی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ قابض سامراج سے مذاکرات کی بھیک مانگنے کے بجائے رواں جدوجہد آزادی کے لیے ہر محاذ پر جارحانہ پی قدمی کی پالیسی اختیار کی جائے ورنہ انسانی تاریخ کا بہت ہی بڑا المیہ واقع ہوسکتا ہے تاہم بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ دوسری جانب 71 سال گزرنے کے باوجود کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے اور ان کی جدوجہد آزادی پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ بھارت کا ہر ظلم ان کے جذبہ حریت کو مزید بھڑکادیتا ہے اور ہر سال سیکڑوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے آزادی کی شمع کو روشن رکھتے ہیں کشمیریوں کو آزادی سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ کشمیری مسلمانوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزادی کا سانس لیں گے۔
بھارت نے درندگی اور سنگدلی کی تمام حدیں پار کردیں
Jan 02, 2019