اسلام آباد + کراچی (نمائندہ نوائے وقت + اے پی پی) بینک دولتِ پاکستان نے مجاز ڈیلروں کو خام مال، معاونتی اشیا اور پرزے درآمد کرنے کی غرض سے درآمد و برآمد کنندگان کی طرف سے 10ہزار ڈالر تک کی پیشگی ادائیگی کے لین دین کی اجازت دے دی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ برآمدات کے فروغ اور ان صنعتی یونٹس کے ذریعے معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی خاطر کیا گیا جو تیار اشیا برآمد کرنے کے لئے پرزے اور خام مال درآمد کرنے کے خواہاں ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں جولائی 2018ء میں سٹیٹ بینک نے پیشگی ادائیگی کی سہولت پر پابندی عائد کردی تھی، جو درآمد کنندگان کو پہلے مجاز ڈیلروں کے ذریعے دستیاب تھی۔ سٹیٹ بینک نے ای پی ڈی سرکلر لیٹر نمبر 1، بتاریخ یکم جنوری 2019 ء کے ذریعے مجاز ڈیلروں کو مندرجہ بالا ہدایات سے آگاہ کیا۔