اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کا دباؤ کم کرنے کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ’’عدم اعتماد‘‘ کی تحاریک پیش کرنے کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت تحریک انصاف کی حکومت کو کام کرنے کیلئے وقت دینا چاہتی ہیں لیکن حکومت کی طرف سے سندھ کی صوبائی حکومت کو گرانے کی کوششوں کے بعد پیپلز پارٹی نے پہلے مرحلے میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا عندیہ دے دیا ہے اگر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن کے امیدوار کو چیئرمین سینٹ کا امیدوار بنانے پر رضا مند ہوگئی تو تحریک عدم اعتماد میچور ہونے کا امکان ہے جبکہ قومی اسمبلی میں 6اور پنجاب اسمبلی میں 8ارکان کی اکثریت پر تحریک انصاف کی حکومتیں قائم ہیں۔ وفاق میں بلوچستان نیشنل پارٹی اور ایم کیو ایم عدم اعتماد کی تحریک میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔ جبکہ پنجاب میں پیپلز پارٹی اور آزاد ارکان صوبائی حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرسکتے ہیں۔
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی کی دونوں ایوانوں میں عدم اعتماد تحاریک کیلئے مشاورت
Jan 02, 2019