لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستانی باکسر اور ایشین بوائے عثمان وزیر نے کہا ہے کہ خواہش ہے کہ بھارتی حریف کیساتھ مقابلہ ہو‘ دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ کے دوران پر جوش ہوتے ہیں تاہم چاہتا ہوں یہ پر جوش منظر باکسنگ میں بھی نظرآئے۔ فائٹ میں روایتی حریف ملک کے باکسر کو ہرا کر بتانا چاہتا ہوں کہ ہم باکسنگ میں بھی نمبر ون ہیں۔ اب نظریں ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کے یوتھ ٹائٹل پر ہیں۔ چاہتا ہوں کہ مستقبل میں پاکستان کیلئے ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کا یوتھ ٹائٹل جیتوں۔ ابھی تک کسی پاکستانی باکسر نے یہ ٹائٹل نہیں جیتا، میں چاہتا ہوں کہ یہ اعزاز پاکستان کے نام کروں۔ ملک میں پروفیشنل باکسنگ کے ٹرینرز اور کوچز کا فقدان ہے۔ سینئر ٹائٹل کے حصول کیلئے میکسیکنز اور امریکی باکسرز کے ساتھ مقابلہ کرنا ہوگا’ سمجھتا ہوں کہ مقابلے میرے لیے سخت ہوں گے اور اسکے لیے مجھے ٹریننگ بھی سخت کرنا ہوگی۔ پاکستان کے باہر جاکر مجھے ٹریننگ لینا ہوگی۔