سرینگر ( آن لائن+اے پی پی )مقبوضہ کشمیر کے جموں خطے کے ضلع راجوری میں ایک حملے کے دوران 2 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں پر حملہ ضلع میں نوشہرہ کے علاقے کھاری تھریٹ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ہوا جس میں 2 فوجی ہلاک ہوگئے۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ سرینگر کی ایک عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور کئی دیگر حریت رہنمائوں کو ایک 22سال پرانے مقدمے میں بری کردیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جج فوزیہ پال نے 1998ء کے ایک جھوٹے مقدمے میں استغاثہ کی طرف سے ان رہنمائوں کے خلاف کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکامی کے بعد انہیںبری کردیا ۔ عدالت نے گزشتہ ماہ دو مقدمات میں کئی حریت رہنمائوں کو طلب کیا تھا جن میں سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک، پروفیسر عبدالغنی بٹ ، جاوید احمد میر ، ڈاکٹر غلام محمد حبی او رغلام نبی ذکی شامل تھے ۔بھارتی فوج نے 2019ء میں210 کشمیریوں کو شہید کیا۔