شہر قائد کے مختلف علاقوں سے آدھے گھنٹے کے دوران 3 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آدھے گھنٹے کے دوران کراچی شہر کے مختلف مقامات سے 3 نومولود بچوں کی لاشیں ملی ہیں، جس کے بعد یہ سوال اٹھا ہے کہ کیا یہ شہر غیر مطلوب بچوں کے لیے مہربان نہیں رہا۔
ریسکیو ذرایع کے مطابق ایک نومولود بچی کی لاش ڈی ایچ اے، فیز 6 خیابان راحت کمرشل ایریا کے قریب مین روڈ سے برآمد ہوئی۔ جب کہ ایک نومولود بچے اور بچی کی لاشیں ماڑی پور پیپلز گراوٗنڈ ٹرک اڈے کی ایک کچرا کنڈی سے برآمد ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق ملنے والے 2 نومولود بچوں کی لاشیں سِول اسپتال اور 1 جناح اسپتال منتقل کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل جناح اسپتال کی مسجد کے قریب نامعلوم شخص ایک نومولود بچی رکھ کر فرار ہو گیا تھا، بچی کو جناح اسپتال کی انتظامیہ نے پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں نومولود بچوں کی شرح اموات کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارۂ اطفال یونیسف نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان میں یہ شرح سب سے زیادہ ہے، نومولود بچوں کی اموات کی اس فہرست میں جنوبی ایشیا کے صرف 2 ملک پاکستان اور افغانستان شامل تھے۔