حکومت صنعتوں کےقیام اوران کی بحالی سےمتعلق پالیسی کااعلان جلدکرے گی:ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

Jan 02, 2020 | 20:33

ویب ڈیسک

 اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں صنعتوں کے قیام کے لئے جلد ایک پالیسی کااعلان کرے گی۔

 آج ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت بند صنعتوں کی بحالی کے لئے بھی اقداما ت کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانے کے لئے حکومت کی معاشی ٹیم کو سراہنا ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ یہ اس بات کا ادراک ہے کہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا مقصد ملک کی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت کے فروغ کے لئے کپاس کی فصل انتہائی اہم ہے اس لئے چین کی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے اس کی پیداوار بڑھائی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ زرعی شعبے کے استحکام کےلئے ان اہم اقدامات سے برآمدات میں  نمایاں اضافہ ہوگا۔

ادھر اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دیتے ہوئے ملکی دولت میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی طرف سے گامزن ہے۔

مزیدخبریں