وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھرمیں بھارت کی ہندو توا پالیسی کو بے نقاب کیا۔ ترجمان دفترخارجہ

ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ سال 2019ء میں پاکستان کو مختلف محاذوں پرقابل ذکر کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے اپنی پہلی ہفتہ وار میڈیابریفنگ میں بتایا کہ گذشتہ سال پاکستان کو مختلف محا ذوں پرقابل ذکر کامیابیاں ملیں،ا مریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات میں بہتری آئی جبکہ چین، سعودی عرب، سمیت دیگر ممالک کیساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھرمیں بھارت کی ہندو توا پالیسی کو بے نقاب کیا اور عالمی برادری خطے کی امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے آگاہ ہے، پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیرپردنیا کی توجہ مبذول کرانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پا کستان کے عزم اور تیاری کے بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے، بھارت کی جانب سے بھی جارحانہ اقدام پر سخت جواب دیا جائے گا، بالاکوٹ میں بھارتی کا رروائی کے نتیجے میں پا کستان کے رد عمل کو یاد رکھناچاہئے، بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پا کستان خطے میں امن اور سلامتی ے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈائون کو 150 دن ہوئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول پر لانے کے دعوئوں کی ساکھ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سینئر کشمیری قیادت خاص طور پر چھوٹے بچوں کو رہا کیا جائے اور سکیو رٹی اہلکاروں کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تجارت کا دوسرا مرحلہ گذشتہ روزفعال کردیا گیا ہے جبکہ ادائیگیوں میں توازن کویقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں،کیونکہ تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ دفتر خارجہ اور مختلف متعلقہ وزارتوں کا مشترکہ ہدف ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے پاکستان کی جانب سے افغان مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھنے کا بتاتے ہوئے کہا کہ سارک کانفرنس کا انعقاد بعض رکن ممالک کی جانب سے رکاوٹوں کا شکار ہے۔

ای پیپر دی نیشن